مرکز ابلاغ

وزارت اقتصادیات اور امارات پوسٹ گروپ کے مابین اقتصادی سرگرمیوں کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط
26 JAN 2017

وزارت اقتصادیات اور امارات پوسٹ گروپ کے مابین اقتصادی سرگرمیوں کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط

امارات پوسٹ گروپ اور وزارت اقتصادیات نے مراسلاتی نظام سے متعلق اقتصادی سرگرمیوں کے لیے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں تاکہ باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھایا جاسکے۔ دونوں فریقین نے آپس میں تعاون اور رابطوں کو بڑھانے پر اتفاق کیا تاکہ اقتصادی اور معاشی ترقی کے لیے ہونے والی ملک گیر کوششوں کے مطابق اپنے اپنے اسٹریٹجک مقاصد کو حاصل کیا جائے۔

مفاہمتی یادداشت پراقتصادی امور کی وزارت کے ماتحت سیکریٹری انجینئر محمد احمد بن عبدالعزیز الشحی نے اور امارات پوسٹ گروپ کے قائم مقام سی ای او جناب عبداللہ محمد الاشرم نے دستخط کیے۔

معاہدے کے مطابق دونوں فریقین منظور شدہ بین الاقوامی درجہ بندی کے تحت مراسلاتی نظام سے متعلق اقتصادی سرگرمیوں کو یکجا کریں گے۔ مزید برآں دونوں فریقین مشترکہ اقدامات کی سہولت کے لیے باہمی رابطے کے زیادہ مؤثر چینل قائم کریں گے اورمراسلاتی نظام سے متعلق اقتصادی سرگرمیوں کو بنانے میں، انھیں تبدیل یا ختم کرنے کے لیے باہمی تعاون کو مضبوط کریں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ دونوں فریقین اپنے اپنے مینڈیٹ کے فریم ورک کے اندر معلومات اور تجربات کا آپس میں تبادلہ بھی کریں گے۔

انجینئر الشحی نے کہا کہ یہ مفاہمتی یادداشت وزارت اقتصادیات اور امارات پوسٹ گروپ کے درمیان تعاون کو ہر اس پہلو سے مضبوط کرے گی جو ملکی اقتصادی اور کاروباری ماحول کو بہتر بنانے میں مدد دے سکتی ہے اور ملک کی پائیدار ترقی کو مزید آگے بڑھا سکتی ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ ایک مسابقتی، متنوع، پائیدار، جدید علم پر مبنی معیشت کی بنیاد رکھنے کی کوششوں کے حصے کے طور پر وزارت مقامی کاروباری ماحول کو مزید ترقی دینے پر کام کررہی ہے اور اقتصادی سرگرمیوں کے نظام کو مسلسل بہتر بنا رہی ہے۔ وزارت چاہتی ہے کہ ان سرگرمیوں کی درجہ بندی کا معیار اقوام متحدہ کی جانب سے جاری کردہ ISIC Rev.4 ( تمام اقتصادی سرگرمیوں کے بین الاقوامی معیار صنعتی درجہ بندی) کے مطابق کیا جائے۔

جناب الاشرم نے مفاہمتی یادداشت پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا اس یادداشت کا مقصد وزارت اقتصادیات اور امارات پوسٹ گروپ کے درمیان تعاون کو بڑھانا ہے خاص طور پر مراسلاتی نظام سے منسلک اقتصادی سرگرمیوں کو یکجا کرنے میں اور دونوں فریقین کے مابین وفاقی اور مقامی سطح پر تعاون کے طریقہ کار کو بہتر بنانے میں۔

انھوں نے مزید کہا کہ یو اے ای کے نائب صدر اور وزیراعظم اور دبئی کے حکمران عزت مآب شیخ محمد بن راشد المکتوم کی کسٹمرز کے اطمینان کو بہتر سے بہتر بنانے کی ہدایات کے تحت امارات پوسٹ گروپ اپنے حکمت عملی شراکت داروں کے ساتھ شراکت کو مزید بڑھانے کا خواہش مند ہے۔

مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب میں وزارت کے دیگر نمائندے بھی موجود تھے۔ جن میں نائب ماتحت سیکریٹری برائے تجارتی امور اور صارف تحفظ عزت مآب حمید بن بطی المھیری، نائب ماتحت سیکریٹری برائے شعبہ سپورٹ سروسز عزت مآب یوسف عیسیٰ الرفاعی اور ڈائریکٹر برائے دفتر ماتحت سیکریٹریزبرائے اقتصادی امور جناب مروان سبوسی شامل تھے۔

امارات پوسٹ کی جانب سے مراسلاتی عملیاتی امور کے چیف جناب سلطان المدفع، قائم مقام چیف کمرشل آفیسر جناب عبید القطامی، شعبہ قانونی امور کے قائم مقام ایگزیکٹو ڈائریکٹر جناب عمر بن بیات الفلاسی اور ڈائریکٹر شعبہ لائسنسنگ نورہ السویدی نے اس تقریب میں شرکت کی۔


شارك برأيك
صوت العميل
لائیو چیٹ