مرکز ابلاغ

دبئی میں "استنبول عالمی مراسلاتی حکمتِ عملی"  پرعرب علاقائی کانفرنس کا آغاز
08 SEP 2015

دبئی میں "استنبول عالمی مراسلاتی حکمتِ عملی" پرعرب علاقائی کانفرنس کا آغاز

استنبول عالمی مراسلاتی حکمت عملی" پر دو روزہ عرب علاقائی کانفرنس کا آغاز 7 ستمبر کو دبئی کے میریٹ جداف ہوٹل میں ہوا۔ امارات پوسٹ گروپ (ای پی جی) کے زیر اہتمام اس کانفرنس میں جی سی سی ریاستوں اور عرب ریاستوں کی مراسلاتی تنظیموں کے متعدد ماہرین، سینئرعہدیداران اورعالمی مراسلاتی اتحاد (یو پی یو) کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔

اس کانفرنس کی عرب پوسٹس کے لیے راہِ عمل مہیا کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ای پی جی کے قائم مقام سی ای او جناب فہد الحوسنی نے اپنی افتتاحی تقریر میں ، ای پی جی کی سخت محنت کے ذریعے مراسلات کے شعبے میں آنے والی برق رفتار تبدیلیوں سے نمٹنے کی حکمت عملی پر روشنی ڈالی تاکہ دوہا حکمت عملی کے نفاذ کی رفتارکو تیز کیا جاسکے۔ انھوں نے کہا " جدید آئی ٹی سہولتوں کے استعمال نے ای پی جی کو اپنے کسٹمرز کے لیے سمارٹ فون کے ذریعے قابلِ رسائی کئی مربوط خدمات کے آغاز میں مدد دی ہے جو برقی تجارت کی طرف منتقلی کے پہلے قدم کو ظاہر کرتا ہے۔ ای پی جی برقی تجارتی منصوبے کے تحت اپنی ویب سائٹ کے ذریعے اشیائے صرف اور برقی آلات پر مشتمل برقی تجارتی سہولیات کے ایک سلسلے کے آغاز کے لئے تیار ہے"۔

امارات پوسٹ کے سی ای او عبداللہ الشرم نے ای پی جی کی مراسلاتی و غیر مراسلاتی خدمات کو جدید اور وسیع تر بنانے کے لیے جدت پسندی اور جدید ٹیکنالوجی پر مبنی مفصل حکمت عملی پر گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ امارات پوسٹ یو پی یو کے مقرر کردہ اہداف سے مکمل ہم آہنگی رکھتا ہے۔ انہوں نےمزید کہا کہ نئی حکمت عملی کے تحت کچھ ہی عرصے میں امارات پوسٹ برقی تجارت اور مالیاتی خدمات کے نئے شعبوں میں قدم رکھ دے گا۔

یہ کانفرنس ماہرین مراسلات کے ساتھ تجربات و معلومات کے تبادلے کا ایک موقع دینے کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں مراسلاتی امور کےمعیار خصوصاً برقی تجارت کے شعبے میں ، جوعرب پوسٹ کے لیے خصوصی دلچسپی کا حامل ہے، دیکھی جانے والی وسیع ترقی پر روشنی ڈالنے کا بھی موقع فراہم کرتی ہے۔

کانفرنس میں مختلف موضوعات زیر بحث آئے جن میں: مستقبل کی منصوبہ بندی، دوہا مراسلاتی حکمت عملی (ڈی پی ایس) کے نفاذ پر تجزیاتی تبادلۂ خیال، استنبول عالمی مراسلاتی حکمتِ عملی کے تحت خطۂ عرب کی ضروریات کی نشاندہی کے طریقہ کار کی تشکیل، 2017 تا 2020 کے مراحل کے دوران کاروباری حکمت عملی، مراسلاتی صنعت کے برسر کار قائدین کے لیے مراسلاتی شعبے کو درپیش موجودہ مسائل کی نشاندہی کرنا، ان مسائل کو سمجھنا اور سماجی و معاشی ترقی کے ساتھ ساتھ باہمی تبادلۂ خیال اور کاروباری ترقی میں قائدین کے بڑھتے ہوئے کردار کو بروئے کار لانا شامل ہیں۔

استنبول عالمی مراسلاتی حکمت عملی پر عرب علاقائی کانفرنس کا مقصد ماہرین مراسلات کے ساتھ تجربات و معلومات کے اشتراک میں سرمایہ کاری کا موقع فراہم کرنا تھا۔ مزید برآں یہ دنیا بھر میں مراسلاتی امور کے شعبے میں دیکھی جانے والی وسیع ترقی کے لئے ایک دریچہ ہے، خصوصاً یہ کہ خطۂ عرب برقی تجارت سے حد درجہ استفادہ کے قابل ہو چکا ہے۔


شارك برأيك
صوت العميل
لائیو چیٹ